گجرات کے سرحدی ضلع کچھ (بھج) میں مساجد، درگاہوں اور دیگر مذہبی املاک کے انہدام کے معاملے پر جمعیۃ علماء ہند نے سرگرم ہوتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی وفد متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا ہے۔ تنظیم نے اپنے ایک پریس بیان میں کہا کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے، قانونی حقائق جمع کرنے اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے مقامی سطح پر مشاورت کر رہی ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے مطابق صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر تشکیل دیا گیا وفد ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں بھج پہنچا، جہاں اس نے حالیہ انہدام سے متاثر ہونے والی مسجد جونا کنڈلا کے ذمہ داران اور دیگر شہریوں سے ملاقات کی۔ وفد نے قانونی ماہرین اور سینئر وکلاء سے بھی مشاورت کی تاکہ ممکنہ قانونی راستوں اور آئندہ کے اقدامات پر غور کیا جا سکے۔