مہوا موئترا نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کون کس سے ملاقات کرتا ہے، اس پر انہیں کوئی تبصرہ نہیں کرنا، تاہم اگر کوئی خود کو اصلی ترنمول کانگریس ثابت کرنے کے لیے الیکشن کمیشن جا رہا ہے تو اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنی حیثیت کے بارے میں خود بھی غیر یقینی کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ فرضی ہوتے ہیں، وہی سڑکوں پر آ کر خود کو اصلی ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ممتا بنرجی اپنی جگہ مضبوطی سے موجود ہیں اور پوری جماعت ان کی قیادت میں متحد ہے۔ ان کے بقول، ممتا بنرجی کو کبھی اس بات کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کہ وہ الیکشن کمیشن جا کر کہیں کہ وہی اصل ترنمول کانگریس کی سربراہ ہیں۔ مہوا موئترا نے الزام لگایا کہ جو لوگ جماعت سے الگ ہوئے ہیں، وہی ایسے اقدامات کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے پارٹی سے غداری کی ہے۔