ملک کے معاشی راجدھانی ممبئی کے لیے آئی ایم ڈی نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ممبئی میں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث پہلے ہی کئی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ہندوستان کے کئی حصوں میں 6 جولائی کو جنوب مغربی مانسون پوری طرح فعال ہو چکا ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی تازہ ترین اپڈیٹ کے مطابق قومی راجدھانی دہلی کے علاوہ ہریانہ، پنجاب، مشرقی راجستھان، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور اتر پردیش کے کئی علاقوں میں بارش ہوگی، جبکہ ہماچل پردیش، ہریانہ، پنجاب اور مشرقی راجستھان میں بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
دہلی-این سی آر کے کئی حصوں میں اتوار کو ہونے والی بارش نے لوگوں کو حبس بھری گرمی سے بڑی راحت دی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے تک چھتر پور میں سب سے زیادہ 49 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے بعد گروگرام میں 35 ملی میٹر، مہرولی میں 18 ملی میٹر اور گریٹر نوئیڈا میں 17 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ محکمۂ موسمیات نے آئندہ 2 دن تک عام طور پر آسمان پر بادل چھائے رہنے اور درمیانی درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق گوا، گجرات اور وسطی مہاراشٹر میں شدید سے انتہائی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے آثار ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کیرالہ، کرناٹک، تلنگانہ اور تمل ناڈو میں بھی کئی مقامات پر بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چھتیس گڑھ میں کئی مقامات پر انتہائی شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اوڈیشہ میں بھی متعدد مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، سکم اور مدھیہ پردیش میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیر کے روز بہار میں آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ملک کے معاشی راجدھانی ممبئی کے لیے آئی ایم ڈی نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ممبئی میں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث کئی پروازیں متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں مسافروں کی فلائٹس بھی کافی تاخیر کا شکار رہیں۔ ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صبح خراب موسم کے باعث رن وے کی کارروائیاں متاثر ہوئیں۔ ممبئی کے کئی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر سے زیادہ، جبکہ بعض مقامات پر 300 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
