راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے پارٹی کے تیسویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھوتہ کر چکے آئینی ادارے، بازار کی بڑھتی ہوئی بالادستی، دولت کے بے لگام استعمال اور دائیں بازو کی سیاست کے بڑھتے ہوئے اثرات نے ملک کی جمہوریت کی بنیادوں کے سامنے سنگین چیلنج کھڑے کر دیے ہیں۔
لالو پرساد یادو نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اس وقت ملک کی متعدد جمہوری، ترقی پسند، سوشلسٹ اور آئینی قوتیں ایک مشکل دور سے گزر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حالات پیدا ہو گئے ہیں جہاں دولت کی طاقت صرف ووٹروں کو متاثر کرنے تک محدود نہیں رہی بلکہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی خریدنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے، جو جمہوری نظام کے لیے تشویش کا باعث ہے۔